عمران خان کا دورہ چین، اہم کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقاتیں

0
124

 (نیوز لینز پاکستان) وزیراعظم عمران خان سے چین کی اہم کمپنیوں کے سربراہوں نے ملاقاتیں کیں جس میں سرمایہ کاری کے مختلف امور پر گفتگو کی گئی، کئی معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط متوقع ہیں۔

 وزیراعظم سے چائنہ گیژوبہ گروپ کے چیئرمین نے ملاقات کی، گیژوبہ گروپ نے توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین بیجنگ اورینٹ ہولڈنگ گروپ نے بھی ملاقات کی۔ بیجنگ اورینٹ ہولڈنگ چین کا بڑا سرمایہ کاری گروپ ہے۔

عمران خان سے ملاقات کرنے والوں میں لانگ مارچ ٹائر کمپنی کا وفد بھی تھا، وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق گفتگو کی، ملاقات میں شاہ محمود قریشی، عبدالرزاق داؤد، خسرو بختیار اور شیخ رشید بھی موجود تھے۔

وزیراعظم رات گئے بیجنگ پہنچے جہاں چینی وزیر ثقافت نے عمران خان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ وزیراعظم کی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقاتیں ہوں گی۔ شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی بھی ملاقات میں شریک ہوں گے۔

ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر، سی پیک میں توسیع کے معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔ پاکستان اور چین کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔ چینی حکام سے ملاقاتوں میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود ہوں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چین کی عسکری قیادت پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈر جنرل ہان ویگیو، سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژو قلیانگ اور کمانڈر سدرن تھیٹرکمانڈ ایڈمرل یوآن یوبئے سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس دوران پاک چین دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال بھی ہوگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here